پاکستان میں چپل کا کاروبار: کون سا مٹیریل (EVA، PU یا Leather) کس سیزن میں سب سے زیادہ بکتا ہے؟

file 00000000648481f4a03da09515c0acc6

پاکستان میں چپل کا کاروبار صرف اچھی کوالٹی یا کم قیمت پر منحصر نہیں ہوتا، بلکہ موسم، علاقے اور گاہک کی ضرورت بھی اس میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک کامیاب دکاندار وہی ہوتا ہے جو ہر سیزن کی ڈیمانڈ کو سمجھ کر اپنی دکان پر مناسب مٹیریل اور مناسب مقدار میں مال رکھے۔
پاکستان میں عمومی طور پر چار موسم آتے ہیں، لیکن اکثر علاقوں میں گرمی کا موسم زیادہ لمبا جبکہ سردی کا موسم نسبتاً کم ہوتا ہے۔ البتہ ملک کے شمالی علاقوں میں صورتحال مختلف ہے، جہاں سردی زیادہ عرصہ رہتی ہے۔ اسی لیے ہر علاقے کے دکاندار کو اپنے مقامی موسم کے مطابق خریداری کرنی چاہیے۔
اس مضمون میں ہم جانیں گے کہ EVA، TPR، PU، Leather اور Plastic میں سے کون سا مٹیریل کس موسم میں زیادہ فروخت ہوتا ہے، کن علاقوں میں کس قسم کی چپل کی زیادہ مانگ ہوتی ہے، اور دکاندار کس طرح سیزن کے مطابق اپنی خریداری کر کے زیادہ منافع حاصل کر سکتے ہیں۔

گرمی اور برسات کا سیزن (EVA اور TPR کا راج)

پاکستان میں گرمی کا موسم نسبتاً لمبا ہوتا ہے، اس لیے ہر چپل فروش کو اپنی دکان پر گرمی کے مطابق مناسب مٹیریل ضرور رکھنا چاہیے۔
البتہ ایک بات ہر دکاندار کو ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ پلاسٹک کی چپل تقریباً پورے سال پاکستان کے ہر علاقے میں فروخت ہوتی رہتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پلاسٹک کی چپل عام طور پر EVA اور TPR کے مقابلے میں سستی ہوتی ہے، اس لیے کم بجٹ رکھنے والے گاہک اکثر اسی کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی لیے میری رائے میں ہر دکاندار کو اپنی دکان پر اچھی کوالٹی کی پلاسٹک چپل ضرور رکھنی چاہیے۔
اس کے علاوہ جب گرمی شروع ہوتی ہے تو لوگوں کی پہلی ترجیح ایسی چپل ہوتی ہے جو:

• ہلکی ہو
• پاؤں کو آرام دے۔
• پانی جلد خشک کر دے۔
• پسینہ کم محسوس ہو۔
• روزانہ استعمال میں آسان ہو۔

اسی وجہ سے گرمیوں میں EVA اور TPR (یا EVR) کے چپلوں کی مانگ بہت بڑھ جاتی ہے۔ یہ مٹیریل ہلکے بھی ہوتے ہیں اور عام طور پر پانی سے جلد خراب بھی نہیں ہوتے، اس لیے گرمی اور برسات دونوں موسموں میں لوگوں کی پسند بنتے ہیں۔

پاکستان کے گرم علاقوں میں کون سا مٹیریل زیادہ بکتا ہے؟

میرے تجربے کے مطابق درج ذیل علاقوں میں گرمی نسبتاً زیادہ رہتی ہے، اس لیے یہاں EVA، EVR/TPR اور ہلکی پلاسٹک کی چپلوں کی مانگ زیادہ ہوتی ہے۔
✓ کراچی
✓ حیدرآباد

✓ سکھر
✓ لاڑکانہ
✓ میرپورخاص
✓ نواب شاہ
✓ تھرپارکر
✓ بہاولپور
✓ رحیم یار خان
✓ ملتان
✓ ڈیرہ غازی خان
✓ مظفرگڑھ
✓ فیصل آباد
✓ لاہور
✓ اوکاڑہ
✓ ساہیوال
✓ وہاڑی
✓ پشاور
✓ مردان
✓ نوشہرہ
✓ چارسدہ
✓ بنوں
✓ ڈیرہ اسماعیل خان
ان علاقوں میں اگر دکاندار گرمی کے سیزن میں اچھی کوالٹی کے EVA، EVR/TPR اور ہلکے پلاسٹک کے چپل مناسب مقدار میں رکھے تو عموماً اچھی فروخت حاصل کر سکتا ہے۔

برسات کے موسم میں کون سی چپل زیادہ فروخت ہوتی ہے؟

برسات کے موسم میں زیادہ تر لوگ ایسی چپل خریدنا پسند کرتے ہیں جو پانی جذب نہ کرے اور جلد خشک ہو جائے۔
اسی لیے اس موسم میں:
ایوا (EVA )چپل
ای وی ار ( EVR)چپل
پلاسٹک کے چپل
کی فروخت عام طور پر بڑھ جاتی ہے۔
میرا ذاتی تجربہ
ہماری اپنی دکان میں ایک بات بار بار دیکھنے میں آئی ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو صرف چپل ہی نہیں بلکہ پلاسٹک کے جوتے بھی زیادہ فروخت ہونے لگتے ہیں، خاص طور پر مزدور طبقہ انہیں پسند کرتا ہے کیونکہ بارش میں کام کرتے وقت یہ زیادہ محفوظ اور آرام دہ محسوس ہوتے ہیں۔
اسی لیے برسات کے موسم میں اگر آپ اپنی دکان پر اچھی کوالٹی کے پلاسٹک جوتے بھی رکھیں تو یہ ایک دانشمندانہ فیصلہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اسی لیے برسات کے موسم میں اگر آپ اپنی دکان پر اچھی کوالٹی کے پلاسٹک جوتے بھی رکھیں تو یہ ایک دانشمندانہ فیصلہ ثابت ہو سکتا ہے۔

دکاندار گرمی شروع ہونے سے کتنے مہینے پہلے سٹاک خریدیں؟

ہر سیزن کی کامیابی صرف اچھی فروخت پر نہیں بلکہ صحیح وقت پر خریداری پر بھی منحصر ہوتی ہے۔ بہت سے نئے دکاندار یا تو بہت جلدی زیادہ مال خرید لیتے ہیں یا پھر سیزن شروع ہونے کے بعد خریداری کرتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں یا تو ڈیڈ اسٹاک کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا پھر مطلوبہ مال وقت پر نہیں ملتا۔
میرے تجربے کے مطابق ہر دکاندار کو چاہیے کہ گرمی یا سردی کا سیزن شروع ہونے سے تقریباً ایک ماہ پہلے اپنی دکان کے لیے بنیادی سٹاک تیار کر لے۔ اس طرح جب سیزن شروع ہو تو دکان میں ضروری مال پہلے سے موجود ہوگا۔
لیکن اس کے ساتھ ایک اہم احتیاط بھی ضروری ہے۔ سیزن شروع ہونے سے پہلے ضرورت سے زیادہ خریداری نہیں کرنی چاہیے۔ بازار کا رجحان ہر سال بدل سکتا ہے۔ جو ڈیزائن یا مٹیریل گزشتہ سال بہت زیادہ فروخت ہوا ہو، ضروری نہیں کہ اس سال بھی اسی طرح فروخت ہو۔
اسی لیے میری رائے میں پہلے مناسب مقدار میں مال خریدیں، پھر جیسے ہی سیزن شروع ہو اور یہ واضح ہو جائے کہ کون سی چیز زیادہ فروخت ہو رہی ہے، اسی چیز کو دوبارہ منگوا لیں۔ اس طریقے سے نہ آپ کا سرمایہ غیر ضروری طور پر بند ہوگا اور نہ ہی ڈیڈ اسٹاک بننے کا خطرہ زیادہ ہوگا۔
پاکستان میں اکثر ایک ہی ڈیزائن کئی مختلف کارخانوں میں تیار ہوتا ہے۔ اگر کسی ایک کارخانے سے مطلوبہ مال نہ ملے تو دوسرے معتبر کارخانے سے بھی وہی ڈیزائن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے ایک ہی سپلائر پر انحصار کرنے کے بجائے متبادل ذرائع سے بھی رابطہ رکھنا ایک کامیاب دکاندار کی خوبی ہے۔

سرد علاقوں میں کون سا مٹیریل زیادہ فروخت ہوتا ہے؟

پاکستان کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں موسم زیادہ تر سرد رہتا ہے، اس لیے وہاں لوگوں کی ضروریات بھی گرم علاقوں سے مختلف ہوتی ہیں۔
ان علاقوں میں عام طور پر درج ذیل اشیاء زیادہ فروخت ہوتی ہیں:
ربڑ کی مضبوط چپل

پی وی سی (PVC)کی چپل

بند چپل
لیدر کے جوتے
گرم جوتے
یہ مصنوعات سرد موسم میں پاؤں کو نسبتاً بہتر تحفظ فراہم کرتی ہیں، اسی لیے ان علاقوں میں ان کی مانگ زیادہ رہتی ہے۔

پاکستان کے سرد علاقوں کی مثالیں

میرے مشاہدے کے مطابق درج ذیل علاقوں میں سردی نسبتاً زیادہ رہتی ہے:
✓ گلگت بلتستان
✓ آزاد کشمیر
✓ مری
✓ گلیات
✓ ایبٹ آباد
✓ مانسہرہ
✓ بٹگرام
✓ شانگلہ
✓ سوات
✓ دیر
✓ چترال
✓ کوہستان
ان علاقوں میں گرمی کا موسم مختصر جبکہ سردی کا موسم زیادہ لمبا ہوتا ہے۔ اسی لیے یہاں ربڑ، PVC، بند چپل اور مختلف اقسام کے جوتوں کی فروخت نسبتاً زیادہ ہوتی ہے، جبکہ ہلکے EVA چپل کی مانگ زیادہ تر صرف گرمیوں تک محدود رہتی ہے۔

دکانداروں کے لیے اہم مشورہ

اگر آپ مختلف شہروں میں مال سپلائی کرتے ہیں تو ہر علاقے کے لیے ایک جیسا سٹاک نہ خریدیں۔
مثلاً:
کراچی، ملتان اور بہاولپور جیسے گرم علاقوں کے لیے EVA، TPR اور ہلکی پلاسٹک چپل زیادہ رکھیں۔
جبکہ سوات، چترال، مری اور گلگت جیسے سرد علاقوں کے لیے Leather، PVC، ربڑ کی چپل اور بند جوتے زیادہ مقدار میں رکھیں۔
ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق خریداری کرنا ایک کامیاب ہول سیلر اور ریٹیلر کی اہم نشانی ہے۔

شادیوں اور سردیوں کا سیزن (Leather اور PU کی دھوم)

پاکستان میں سردیوں کا موسم اگرچہ گرمی کے مقابلے میں مختصر ہوتا ہے، لیکن اس دوران خاص طور پر شادیوں، تقریبات اور عید الفطر کے موقع پر اچھے معیار کے جوتوں اور چپلوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اسی لیے ایک سمجھدار دکاندار کو چاہیے کہ وہ اس سیزن سے پہلے اپنی دکان پر موسم اور گاہک کی پسند کے مطابق مناسب ورائٹی ضرور رکھے۔

سردیوں میں Leather اور PU کی مانگ کیوں بڑھ جاتی ہے؟

پاکستان میں لوگ کی معاشی حالت چاہے جیسی بھی ہو، شادی بیاہ اور خاص تقریبات پر اچھے لباس اور خوبصورت جوتے یا چپل پہننے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سردیوں کے موسم میں اصلی Leather، اچھی کوالٹی کے PU اور فینسی جوتوں کی فروخت عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔
عموماً:
✓ مرد اصلی Leather کے جوتے، لیدر چپل اور معیاری PU چپل خریدنا پسند کرتے ہیں۔
✓ خواتین فینسی سینڈل، PU چپل اور تقریب کے مطابق خوبصورت ڈیزائن منتخب کرتی ہیں۔
✓ بچوں کے لیے بھی نئے ڈیزائن کے جوتوں اور سینڈلز کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔

ای وی آر ( EVR)کی بڑھتی ہوئی مقبولیت

میرے ذاتی تجربے کے مطابق اس وقت پاکستان میں EVR کی مانگ بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کئی ایسے ڈیزائن موجود ہیں جن کی قیمت ایک اچھی کوالٹی کے PU چپل کے برابر بلکہ بعض اوقات اس سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔
جب پاکستان میں پہلی مرتبہ EVR چپل متعارف ہوئے تھے تو میں نے خود دیکھا کہ عید کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں نے یہی چپل خریدے۔ اس کے بعد سے ہر سال اس مٹیریل کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اسی لیے اگر سردیوں کے موسم میں Leather اور PU کے ساتھ ساتھ اچھی کوالٹی کے EVR چپل بھی رکھے جائیں تو فروخت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

کراکس (CROCKS) کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ

گزشتہ چند برسوں میں پاکستان میں Crocs طرز کے چپل بھی بہت مقبول ہوئے ہیں۔
خاص طور پر:
نوجوان
✓ کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ
✓ روزمرہ استعمال کرنے والے افراد
ان چپلوں کو زیادہ پسند کر رہے ہیں کیونکہ یہ ہلکے، آرام دہ اور جدید ڈیزائن میں دستیاب ہوتے ہیں۔
اگر آپ کی مارکیٹ میں اس کی مانگ موجود ہے تو سردیوں اور گرمیوں دونوں موسموں میں اچھی کوالٹی کے Crocs طرز کے چپل رکھنا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

سوشل میڈیا کے ٹرینڈ کا بھی خیال رکھیں

آج کل پاکستان میں سوشل میڈیا لوگوں کی خریداری پر بہت اثر انداز ہوتا ہے۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کسی خاص ڈیزائن یا مٹیریل کی ویڈیوز یا تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو جاتی ہیں، جس کے بعد لوگ اسی چیز کی تلاش میں بازار آتے ہیں۔
اسی لیے صرف پچھلے سال کی فروخت پر انحصار نہ کریں بلکہ وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر چلنے والے ٹرینڈز پر بھی نظر رکھیں۔ اگر کوئی مخصوص ڈیزائن یا مٹیریل زیادہ مقبول ہو رہا ہو تو مناسب مقدار میں اسے اپنی دکان پر ضرور رکھیں۔

دکانداروں کے لیے اہم مشورہ

سردیوں میں صرف مہنگا مال رکھنا ہی کامیابی نہیں ہے، بلکہ مختلف بجٹ کے گاہکوں کے لیے مختلف معیار کی مصنوعات رکھنا بھی ضروری ہے۔
مثلاً:
✓ کم بجٹ والے گاہکوں کے لیے اچھی کوالٹی کا PU۔
✓ درمیانے بجٹ کے لیے EVR۔
✓ اعلیٰ بجٹ والے گاہکوں کے لیے اصلی Leather۔
اس طرح ہر طبقے کا گاہک آپ کی دکان سے خریداری کر سکتا ہے، جس سے فروخت بڑھنے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

عیدین اور تہواروں کی حکمتِ عملی

پاکستان میں عید الفطر، عید الاضحیٰ، شادیوں کا سیزن اور دیگر تہوار چپل اور جوتوں کے کاروبار کے لیے سب سے اہم مواقع سمجھے جاتے ہیں۔ ان دنوں میں خریداری عام دنوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ جاتی ہے، لیکن اگر دکاندار بغیر منصوبہ بندی کے بہت زیادہ مال خرید لے تو یہی سیزن نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
اس لیے کامیاب دکاندار وہی ہے جو سیزن کی ڈیمانڈ کے مطابق مناسب مٹیریل، مناسب ڈیزائن اور مناسب مقدار میں سٹاک رکھے۔

عید الفطر سے پہلے کون سا سٹاک زیادہ رکھنا چاہیے؟

عید الفطر پر لوگ نئے کپڑوں کے ساتھ نئے جوتے اور چپل خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس موقع پر مرد، خواتین اور بچوں تینوں کے لیے الگ الگ ورائٹی کی ضرورت ہوتی ہے۔
میرے تجربے کے مطابق عید الفطر سے پہلے درج ذیل اشیاء کی مانگ زیادہ ہوتی ہے۔
✓ مردانہ لیدر چپل
✓ اچھے معیار کے PU چپل
✓ مردانہ اور بچوں کے جوتے
✓ خواتین کی فینسی چپل
✓ بچوں کے نئے ڈیزائن والے سینڈل اور جوتے
ہماری اپنی دکان پر بھی عید الفطر سے پہلے مردانہ، زنانہ اور بچگانہ جوتوں اور چپلوں کی مکمل ورائٹی رکھی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس سیزن میں اچھی فروخت ہوتی ہے۔

عید الاضحیٰ کے لیے کون سا مٹیریل زیادہ فروخت ہوتا ہے؟

عید الاضحیٰ عموماً گرمی کے موسم میں آتی ہے، اس لیے اس دوران لوگ ہلکے، آرام دہ اور ہوا دار چپل خریدنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔
اس موسم میں عموماً درج ذیل مصنوعات کی فروخت زیادہ ہوتی ہے۔
✓ ایوا( EVA ) سینڈل
✓ ای وی آر ( EVR)چپل
✓ ہلکے پلاسٹک کے چپل
✓ مردانہ اور خواتین کے سینڈل
ہماری اپنی دکان پر بھی عید الاضحیٰ سے پہلے اچھی کوالٹی کے سینڈل زیادہ مقدار میں رکھے جاتے ہیں، کیونکہ اس موسم میں ان کی مانگ نمایاں طور پر بڑھ جاتی ہے۔

ضرورت سے زیادہ سٹاک خریدنے سے بچیں

ایک غلطی جو بہت سے دکاندار کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ سیزن شروع ہونے سے کئی ماہ پہلے بہت زیادہ مال خرید لیتے ہیں۔
چند سال پہلے یہ طریقہ کافی حد تک کامیاب تھا، لیکن اب مارکیٹ پہلے جیسی نہیں رہی۔
آج کل گاہک زیادہ سمجھدار ہو چکا ہے۔ وہ ہر چیز نہیں خریدتا بلکہ صرف وہی ڈیزائن اور مٹیریل پسند کرتا ہے جو اس وقت مارکیٹ میں چل رہا ہو۔
اسی لیے میرا مشورہ ہے کہ سیزن سے پہلے بنیادی سٹاک ضرور خریدیں، لیکن بہت زیادہ سرمایہ ایک ہی ڈیزائن یا ایک ہی مٹیریل میں نہ لگا دیں۔

پہلے مارکیٹ کا رجحان دیکھیں، پھر مزید خریداری کریں

سیزن شروع ہوتے ہی چند دنوں میں اندازہ ہو جاتا ہے کہ کون سا ڈیزائن اور کون سا مٹیریل زیادہ فروخت ہو رہا ہے۔
اس وقت بہتر یہی ہے کہ:
✓ جو چیز زیادہ فروخت ہو رہی ہو، اسی کو دوبارہ منگوائیں۔
✓ جو چیز کم فروخت ہو رہی ہو، اس کی مزید خریداری نہ کریں۔
✓ ہر نئی ورائٹی کو پہلے محدود مقدار میں آزمائیں۔
اس طریقے سے سرمایہ بھی محفوظ رہتا ہے اور ڈیڈ اسٹاک بننے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

دکانداروں کے لیے اہم مشورہ

یہ ضروری نہیں کہ آپ کی دکان پر ہر چیز کی بہت زیادہ مقدار موجود ہو۔
زیادہ اہم بات یہ ہے کہ:
✓ جو چیز مانگ میں ہو، وہ ضرور موجود ہو۔
✓ ہر بجٹ کے گاہک کے لیے کچھ نہ کچھ ورائٹی ہو۔
✓ اور سیزن کے مطابق مال وقت پر تبدیل کیا جائے۔
یاد رکھیں، مناسب خریداری ہی کامیاب کاروبار کی بنیاد ہے، جبکہ ضرورت سے زیادہ خریداری اکثر ڈیڈ اسٹاک اور مالی نقصان کا سبب بنتی ہے۔

دکانداروں کے لیے سنہری مشورہ

کاروبار میں ہر سیزن کے بعد کچھ نہ کچھ مال بچ جانا ایک عام بات ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کاروبار ناکام ہو گیا، بلکہ کامیاب دکاندار وہ ہوتا ہے جو بچے ہوئے مال کو بھی حکمتِ عملی سے فروخت کر لے۔

سیزن بدلنے سے پہلے پرانا مال کیسے نکالیں؟

جب بھی نیا سیزن شروع ہونے والا ہو تو اس سے تقریباً 15 دن پہلے اپنی دکان پر موجود پرانے مال کو الگ نکال لیں۔
✓ تمام چپل اور جوتوں کی صفائی کریں۔
✓ ان کی مناسب ترتیب کے ساتھ ڈسپلے لگائیں۔
✓ اگر ضرورت ہو تو مناسب رعایت (Discount) بھی دیں۔
✓ کوشش کریں کہ گاہک کی نظر سب سے پہلے اسی مال پر پڑے۔
اس طریقے سے پرانا مال بھی فروخت ہو جائے گا اور نئے سیزن کے لیے جگہ بھی بن جائے گی۔

میرا ذاتی تجربہ

ہماری اپنی دکان میں بھی کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہم نے سردیوں کے لیے مردانہ، زنانہ اور بچوں کے جوتے زیادہ مقدار میں خرید لیے۔
مثال کے طور پر ایک مرتبہ ہم نے تقریباً 15 درجن جوتے خریدے، لیکن پورا سیزن گزرنے کے باوجود وہ فروخت نہ ہو سکے اور کافی مال ہمارے پاس رہ گیا۔
اس تجربے کے بعد ہم نے یہ اصول بنا لیا کہ جتنی فروخت کی امید ہو، اس سے کم مقدار میں خریداری کی جائے۔
مثلاً اگر اندازہ ہو کہ 50 درجن فروخت ہوں گے تو پہلے تقریباً 40 درجن خریدیں۔ اگر مانگ زیادہ ہو جائے تو بعد میں دوبارہ مال منگوا لیں۔
اس طریقے سے سرمایہ بھی محفوظ رہتا ہے اور ڈیڈ اسٹاک بھی کم بنتا ہے۔

ڈیڈ اسٹاک کو گودام کے کونے میں نہ رکھیں

یہ غلطی بہت سے دکاندار کرتے ہیں کہ جو مال نہیں بکتا، اسے گودام کے کسی کونے میں رکھ دیتے ہیں۔
اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ:
✓ دکاندار خود بھی اسے بھول جاتا ہے۔
✓ گاہک مانگے تو فوراً نہیں ملتا۔
✓ وقت کے ساتھ مال خراب بھی ہونے لگتا ہے۔
اس لیے بہتر یہ ہے کہ ڈیڈ اسٹاک کو ایسی جگہ رکھیں جہاں سے ضرورت پڑنے پر فوراً نکالا جا سکے۔

پرانے مال کا بھی خوبصورت ڈسپلے بنائیں

اگرچہ کسی چیز کا سیزن ختم ہو چکا ہو، پھر بھی اس کا ایک خوبصورت ڈسپلے ضرور بنائیں۔
کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ گاہک کسی خاص ڈیزائن یا سائز کی تلاش میں ہوتا ہے، اور وہی چیز آپ کے پاس موجود ہوتی ہے۔
اگر وہ نظر ہی نہیں آئے گی تو فروخت بھی نہیں ہوگی۔

نئے سیزن کا مال کب سجائیں؟

جب نیا سیزن شروع ہونے میں تقریباً 15 دن باقی ہوں تو:
✓ نئے سیزن کی نمایاں ورائٹی سامنے رکھیں۔
✓ پرانے مال کو بھی مکمل طور پر نہ ہٹائیں۔
✓ دونوں کو مناسب ترتیب سے سجائیں تاکہ دونوں کی فروخت جاری رہے۔

خلاصہ

پاکستان میں چپل کے کاروبار میں کامیابی صرف اچھا مال خریدنے سے نہیں بلکہ صحیح سیزن، صحیح مٹیریل اور صحیح مقدار میں خریداری سے حاصل ہوتی ہے۔
گرمی میں EVA، TPR، EVR اور ہلکے پلاسٹک کے چپل زیادہ فروخت ہوتے ہیں، جبکہ سردیوں اور شادیوں کے موسم میں Leather، PU، جوتے اور فینسی سینڈل کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔
اسی طرح ہر علاقے کی ضروریات بھی مختلف ہوتی ہیں، اس لیے ایک سمجھدار دکاندار ہمیشہ اپنے علاقے، موسم اور گاہک کی پسند کو سامنے رکھ کر خریداری کرتا ہے۔

اکثر پوچھے جانے والے سوالات (FAQs)

کیا گرمیوں میں صرف EVA چپل ہی رکھنی چاہیے؟
نہیں۔ EVA کے ساتھ اچھی کوالٹی کے پلاسٹک، EVR اور TPR چپل بھی رکھنی چاہئیں تاکہ ہر بجٹ کے گاہک کو مناسب انتخاب مل سکے۔
سردیوں میں سب سے زیادہ کون سا مٹیریل فروخت ہوتا ہے؟
عام طور پر Leather، PU، ربڑ کے جوتے اور بند چپل زیادہ فروخت ہوتے ہیں۔
سیزن شروع ہونے سے کتنے دن پہلے مال خریدنا چاہیے؟
میرے تجربے کے مطابق تقریباً ایک ماہ پہلے بنیادی سٹاک خرید لینا چاہیے، جبکہ باقی خریداری سیزن شروع ہونے کے بعد مارکیٹ کی ڈیمانڈ دیکھ کر کرنی چاہیے۔
ڈیڈ اسٹاک سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
ضرورت سے زیادہ خریداری نہ کریں، مارکیٹ کے رجحان پر نظر رکھیں، اور سیزن ختم ہونے سے پہلے پرانے مال کو مناسب ڈسپلے اور رعایت کے ذریعے فروخت کرنے کی کوشش کریں۔

مزید مفید مضامین

اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا تو یہ مضامین بھی ضرور پڑھیں:
✓ چپل کی دکان پر گاہک لانے اور سیلز بڑھانے کے 5 دیسی اور آزمودہ طریقے
✓ چپل کے کاروبار میں سائز کا حساب کتاب (سائز سیٹ) اور ڈیڈ اسٹاک سے بچنے کا طریقہ
✓چپل خریدتے وقت 5 ایسی باتیں جو آپ کو دھوکے سے بچا سکتی ہیں
✓اپنی چپل اور جوتوں کو لمبے عرصے تک نیا کیسے رکھیں؟ (مفید ٹوٹکے)

آپ کی رائے ہمارے لیے اہم ہے

آپ کے علاقے میں سال کے زیادہ تر حصے میں کون سا مٹیریل سب سے زیادہ فروخت ہوتا ہے؟
اپنی رائے اور تجربہ نیچے کمنٹ سیکشن میں ضرور شیئر کریں۔ آپ کی رائے دوسرے دکانداروں کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *