چپل کا کاروبار کامیاب بنانے کے لیے اچھی مارکیٹ میں دکان، مناسب سرمایہ اور بھرپور ورائٹی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ لیکن صرف دکان کو مال سے بھر دینا کامیابی کی ضمانت نہیں۔
پاکستانی بازاروں میں چند ایسے سادہ اور آزمودہ طریقے موجود ہیں جن پر عمل کرکے دکاندار اپنی دکان پر گاہکوں کی تعداد اور سیلز میں اضافہ کر سکتا ہے۔
ہم خود چپل کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور دکان پر گاہکوں کے ساتھ روزانہ واسطہ پڑتا ہے۔ اپنے تجربے کی بنیاد پر اس مضمون میں ہم چپل کی دکان پر گاہک لانے اور فروخت بڑھانے کے پانچ اہم طریقے بیان کریں گے۔
1۔ دکان کا خوبصورت ڈسپلے بنائیں
دکان کا ڈسپلے گاہک کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اگر آپ کی دکان میں بہت زیادہ مال موجود ہو لیکن باہر سے آنے والے گاہک کو چپل اور ان کی ورائٹی نظر ہی نہ آئے تو ممکن ہے وہ آپ کی دکان پر آنے کے بجائے آگے چلا جائے۔
اس کے برعکس اگر دکان کا ڈسپلے صاف، خوبصورت اور منظم ہو اور مختلف چپلوں کے سیمپل مناسب انداز میں لگے ہوں تو گاہک دور سے ہی دکان کی طرف متوجہ ہو سکتا ہے۔
نیا گاہک اگر ایک چیز خریدنے کے لیے دکان میں آئے اور اسے دوسری اچھی ورائٹی بھی نظر آئے تو ممکن ہے وہ مزید خریداری کرے۔
ہول سیل دکاندار ڈسپلے کیسے بنائیں؟
ہول سیل کی دکان پر عموماً مال اور ورائٹی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ہر ڈیزائن کا مکمل جوڑا ڈسپلے پر لگانے کے لیے کافی جگہ درکار ہوتی ہے۔
اگر ڈسپلے پر جگہ کم ہو تو ہر چپل کا صرف ایک پاؤں بطور سیمپل لگایا جا سکتا ہے۔ اس کا مقصد صرف گاہک کو ڈیزائن اور ورائٹی دکھانا ہوتا ہے۔
ریٹیل دکان کا ڈسپلے کیسا ہونا چاہیے؟
پرچون یا ریٹیل کی دکان میں صورتحال مختلف ہوتی ہے۔ یہاں گاہک چپل کو اپنے پاؤں میں پہن کر سائز اور شکل دیکھتا ہے۔
اس لیے ریٹیل دکان میں کوشش کریں کہ دیواروں اور مناسب جگہوں پر خوبصورت اور صاف ڈسپلے موجود ہو۔ گاہک کو مختلف چپلیں آسانی سے دیکھنے اور پسند کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
ہول سیل دکاندار ایک اہم غلطی سے بچیں
ہول سیل دکانداروں کو ڈسپلے کے سیمپل کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے۔
جب کوئی آئٹم فروخت ہو جائے تو ضرور چیک کریں کہ ڈسپلے پر لگا ہوا ایک پاؤں بھی متعلقہ مال کے ساتھ واپس رکھ دیا گیا ہے یا نہیں۔
ہماری اپنی دکان پر کئی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ڈسپلے پر ایک پاؤں سیمپل کے طور پر لگا رہ گیا اور باقی مال گاہک کو دے دیا گیا۔
جب کوئی پرچون دکاندار زیادہ مال خریدتا ہے تو بعض اوقات ہر کارٹن کو اسی وقت مکمل طور پر چیک کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ ایک پاؤں ہماری دکان پر رہ گیا ہے۔
کبھی گاہک یاد کرکے ہمیں بتا دیتا ہے تو ہم وہ پاؤں واپس کر دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات گاہک بھی بھول جاتا ہے اور ہمیں بھی یاد نہیں رہتا کہ یہ چپل کس دکاندار کی ہے۔
اس طرح نقصان ہو سکتا ہے۔
اس لیے ہول سیل کاروبار میں ڈسپلے سیمپل کا باقاعدہ حساب رکھنا بہت ضروری ہے۔
2۔ گاہک کے ساتھ اچھے اخلاق اور بہترین ڈیلنگ کریں
دکان کی سیلز بڑھانے کا دوسرا اہم طریقہ گاہک کے ساتھ اچھا اخلاق ہے۔
اچھا اخلاق ایک ایسی طاقت ہے جو بہت سے مشکل معاملات کو آسان بنا دیتی ہے۔ اگر آپ گاہک سے ہنس کر، نرمی اور خندہ پیشانی سے بات کریں گے تو وہ آپ کی دکان پر آنے سے نہیں کترائے گا۔
بعض اوقات گاہک آپ کے اچھے اخلاق اور اعتماد کی وجہ سے ایک آدھ چیز نسبتاً مہنگی بھی خرید لیتا ہے۔
دکاندار کو گاہک پر غصہ نہیں کرنا چاہیے، اسے برا بھلا نہیں کہنا چاہیے اور نہ ہی سخت لہجے میں بات کرنی چاہیے۔
اگر گاہک بہت سی چپلیں دیکھ کر بھی کچھ نہ خریدے تو؟
یہ صورتحال تقریباً ہر دکاندار کے ساتھ پیش آتی ہے۔
گاہک دکان پر آتا ہے۔ آپ اسے کئی چپلیں اور مختلف ورائٹی دکھاتے ہیں، لیکن آخر میں وہ کچھ خریدے بغیر چلا جاتا ہے۔
بعض دکاندار غصے میں گاہک سے کہہ دیتے ہیں کہ آپ نے اتنی چپلیں دکھوائیں لیکن کچھ خریدا نہیں۔
میرے خیال میں یہ رویہ درست نہیں۔
ایک اچھے دکاندار کی ذمہ داری ہے کہ وہ گاہک کو اپنی دکان کی ورائٹی اچھی طرح دکھائے اور ضروری معلومات فراہم کرے۔ اس کے بعد خریدنا یا نہ خریدنا گاہک کی مرضی ہے۔
یاد رکھیں، گاہک پر محنت کرنا کبھی ضائع نہیں جاتا۔
ہماری دکان کا ایک حقیقی واقعہ
ایک مرتبہ ہماری دکان پر ایک گاہک آیا۔ اس نے بہت سی چپلیں دیکھیں اور کئی ڈیزائن پسند بھی کیے، لیکن اس دن اس نے ہم سے خریداری نہیں کی۔
کچھ عرصے بعد وہ دوبارہ ہماری دکان پر آیا۔
اس نے ہمیں بتایا کہ پچھلی مرتبہ اس کے پاس پیسے ختم ہوگئے تھے، اس لیے وہ خریداری نہیں کر سکا۔ لیکن ہماری دکان کی ورائٹی دیکھ کر اسے اندازہ ہوگیا تھا کہ ہمارے پاس نیا اور اچھا مال موجود ہے۔
اسی وجہ سے وہ دوبارہ ہماری دکان پر آیا اور اس مرتبہ اس نے ہم سے کافی خریداری کی۔
اس واقعے سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگر گاہک آج کچھ نہیں خریدتا تو ضروری نہیں کہ آپ کی محنت ضائع ہوگئی۔
ممکن ہے وہ کل، اگلے ہفتے یا اگلے مہینے دوبارہ آپ کے پاس آئے۔
3۔ موبائل اور واٹس ایپ کے ذریعے گاہکوں سے رابطہ رکھیں
آج کا دور موبائل اور سوشل میڈیا کا دور ہے۔ بہت سے لوگ پہلے موبائل پر چیز دیکھتے ہیں اور پھر خریداری کا فیصلہ کرتے ہیں۔
اس لیے چپل کے دکاندار کو بھی جدید ذرائع استعمال کرنے چاہییں۔
آپ اپنے مستقل گاہکوں کے لیے واٹس ایپ گروپ بنا سکتے ہیں اور نئی آنے والی چپلوں اور ورائٹی کی تصاویر ان کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ گروپ کا فائدہ کیا ہے؟
بعض اوقات گاہک کسی مجبوری کی وجہ سے فوراً دکان پر نہیں آ سکتا۔
وہ موبائل پر نئی چپل دیکھ کر آپ کو پیغام دے سکتا ہے کہ:
\”یہ چپل میرے لیے رکھ دیں، میں فلاں دن آکر لے جاؤں گا۔\”
اس طرح آپ کو جلد اندازہ ہو جاتا ہے کہ کون سا نیا ڈیزائن گاہکوں کو پسند آ رہا ہے۔
نئی چپل بعض اوقات صرف نئی ہونے کی وجہ سے بھی جلد فروخت ہوتی ہے۔ یہاں ایک سمجھدار دکاندار کو یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ جو ڈیزائن پہلی مرتبہ جلد فروخت ہوا، اسے دوبارہ منگوانا چاہیے یا نہیں۔
واٹس ایپ کے علاوہ دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اپنی دکان اور نئی ورائٹی کی تشہیر کی جا سکتی ہے۔ اس سے دور کے گاہک بھی آپ کی دکان کے بارے میں جان سکتے ہیں۔
نئے گاہک کو فوراً ادھار مال نہ دیں
سوشل میڈیا یا موبائل کے ذریعے آنے والے ہر نئے گاہک کو فوراً قرض یا ادھار پر مال دینا مناسب نہیں۔
پہلے اس شخص کے بارے میں اچھی طرح معلومات حاصل کریں۔ اس کی دکان، کاروبار اور جگہ کے بارے میں جانیں اور اعتماد قائم ہونے کے بعد ہی ادھار کا معاملہ کریں۔
بغیر جان پہچان کے قرض پر مال دینا نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔
4۔ مناسب منافع رکھیں اور پہلے گاہک کا اعتماد بنائیں
اگر آپ کی دکان نئی ہے اور شروع ہی سے ہر چیز پر بہت زیادہ ومنافع کمانے کی کوشش کریں گے تو ممکن ہے آپ کے مستقل گاہک نہ بن سکیں۔
زیادہ منافع کمانا بذاتِ خود ناجائز نہیں، لیکن کاروبار میں مستقل اعتماد قائم کرنے کے لیے مناسب قیمت بہت اہم ہوتی ہے۔
کوشش کریں کہ بازار میں آپ کی دکان کے بارے میں یہ اعتماد پیدا ہو کہ یہاں چپل مناسب قیمت پر ملتی ہے۔
جب گاہکوں کا اعتماد قائم ہو جائے گا تو لوگ بار بار آپ کی دکان پر خریداری کے لیے آئیں گے۔
دکان کے کاروبار میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک چیز پر منافع کم ملتا ہے جبکہ دوسری چیز پر اچھا منافع حاصل ہو جاتا ہے۔ اسی طرح بازار کا کاروباری نظام چلتا رہتا ہے۔
کاروبار میں منافع کمانا ضروری ہے۔ اگر دکاندار منافع نہیں کمائے گا تو وہ اپنا کاروبار جاری نہیں رکھ سکے گا، گھر کے اخراجات پورے نہیں کرسکے گا اور نئی خریداری بھی مشکل ہو جائے گی۔
لیکن منافع مناسب ہونا چاہیے۔
گاہک کی مجبوری سے فائدہ نہ اٹھائیں
بازار میں ہر قسم کے لوگ آتے ہیں۔ کچھ خوش حال ہوتے ہیں، کچھ غریب اور بعض سخت مجبوری میں ہوتے ہیں۔
ہول سیل مارکیٹ میں بعض ایسے لوگ بھی خریداری کے لیے آتے ہیں جنہوں نے بڑی مشکل سے تھوڑے تھوڑے پیسے جمع کرکے اپنا چھوٹا کاروبار شروع کیا ہوتا ہے۔
ایسے لوگوں کی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھانا مناسب نہیں۔
مناسب قیمت، مناسب منافع اور ایماندارانہ کاروبار ہی طویل مدت میں دکان کی کامیابی اور گاہک کے اعتماد کا ذریعہ بنتا ہے۔
5۔ موسم اور تہوار کے حساب سے اپنی دکان تیار کریں
پاکستان میں مختلف موسموں اور تہواروں کے موقع پر بازاروں میں خریداری بڑھ جاتی ہے۔
عید، شادیوں کے موسم اور دوسرے خاص مواقع پر لوگ کپڑوں کے ساتھ نئے جوتے اور چپل بھی خریدتے ہیں۔
ایسے وقت میں دکاندار کو پہلے سے تیاری کرنی چاہیے۔
اپنی دکان پر موسم اور موقع کے مطابق ورائٹی رکھیں اور اگر ممکن ہو تو مناسب آفر بھی دیں۔ اچھی اور حقیقی آفر گاہکوں کو دکان کی طرف متوجہ کر سکتی ہے۔
اگست کی ایک آسان مثال
مثال کے طور پر جولائی کے بعد اگست کا مہینہ آتا ہے اور 14 اگست پاکستان کا یومِ آزادی ہے۔
اس موقع پر بہت سے لوگ سبز اور سفید رنگ کے کپڑے پہنتے ہیں اور انہی رنگوں سے مناسبت رکھنے والی دوسری چیزیں بھی پسند کرتے ہیں۔
اگر دکاندار کے پاس اس موقع کے مطابق چپل یا جوتے موجود ہوں تو گاہک ان کی طرف متوجہ ہو سکتے ہیں۔
لیکن یہاں ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے۔
14 اگست سال میں صرف ایک مرتبہ آتا ہے۔ اگر آپ نے اس موقع کے لیے ضرورت سے بہت زیادہ مال خرید لیا اور وہ وقت پر فروخت نہ ہوا تو ممکن ہے باقی مال پورا سال دکان میں پڑا رہے۔
اس لیے تہواروں کے لیے مال ضرور خریدیں، لیکن مناسب مقدار میں۔
اگر آپ کو اندازہ ہے کہ کسی خاص تہوار پر پانچ درجن مال فروخت ہوسکتا ہے تو احتیاطاً چار درجن خریدنا بعض اوقات زیادہ سمجھداری ہوتی ہے۔
زیادہ لالچ میں ضرورت سے زیادہ اسٹاک خریدنے کے بجائے تھوڑی کم مقدار رکھنا بہتر ہے تاکہ تہوار ختم ہونے کے بعد مال ڈیڈ اسٹاک نہ بن جائے۔
خلاصہ
چپل کی دکان پر گاہک لانے اور سیلز بڑھانے کے لیے صرف زیادہ سرمایہ یا بہت زیادہ مال کافی نہیں۔
دکان کا صاف اور خوبصورت ڈسپلے، گاہک کے ساتھ اچھا اخلاق، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کا درست استعمال، مناسب منافع اور موسم کے مطابق خریداری کاروبار کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ گاہک کا اعتماد حاصل کریں۔
ممکن ہے ایک گاہک آج آپ سے کچھ نہ خریدے، لیکن اگر آپ نے اسے اچھی ورائٹی دکھائی اور اس کے ساتھ اچھا رویہ رکھا تو وہ مستقبل میں دوبارہ آپ کی دکان پر آسکتا ہے۔
کاروبار میں مستقل کامیابی ایک دن میں حاصل نہیں ہوتی۔ گاہک کا اعتماد آہستہ آہستہ بنتا ہے، لیکن جب یہ اعتماد قائم ہو جائے تو یہی گاہک آپ کے کاروبار کی ترقی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
اکثر پوچھے جانے والے سوالات
چپل کی دکان پر زیادہ گاہک کیسے لائیں؟
دکان کا خوبصورت ڈسپلے بنائیں، گاہک کے ساتھ اچھا اخلاق رکھیں، نئی ورائٹی کی تشہیر کریں اور مناسب قیمت پر چپل فروخت کریں۔
چپل کی دکان کا ڈسپلے کیسا ہونا چاہیے؟
ڈسپلے صاف، منظم اور ایسا ہونا چاہیے کہ گاہک مختلف ڈیزائن آسانی سے دیکھ سکے۔
کیا ہول سیل دکان پر ہر چپل کا مکمل جوڑا ڈسپلے کرنا ضروری ہے؟
اگر جگہ کم ہو تو ہر ڈیزائن کا ایک پاؤں بطور سیمپل لگایا جا سکتا ہے۔ تاہم مال فروخت کرتے وقت ڈسپلے سیمپل کا حساب ضرور رکھیں۔
اگر گاہک بہت سا مال دیکھ کر کچھ نہ خریدے تو کیا کریں؟
گاہک کے ساتھ اچھا رویہ رکھیں۔ ممکن ہے وہ کسی مجبوری کی وجہ سے اس وقت خریداری نہ کرسکا ہو اور بعد میں دوبارہ آپ کی دکان پر آئے۔
کیا چپل کے کاروبار کے لیے واٹس ایپ گروپ فائدہ مند ہے؟
جی ہاں، مستقل گاہکوں کو نئی ورائٹی دکھانے اور ان سے رابطہ رکھنے کے لیے واٹس ایپ گروپ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
نئی دکان پر کتنا منافع رکھنا چاہیے؟
منافع اتنا ہونا چاہیے کہ کاروبار چل سکے، لیکن شروع میں گاہک کا اعتماد اور مستقل کسٹمر بنانا بھی بہت اہم ہے۔
تہوار کے لیے کتنا مال خریدنا چاہیے؟
اپنی پچھلی فروخت اور اندازے کے مطابق مناسب مقدار میں مال خریدیں۔ صرف زیادہ منافع کی امید میں ضرورت سے زیادہ سیزنل مال خریدنے سے بچیں۔

